اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اعلان کیا ہے کہ آن لائن گیم پب جی پر پابندی برقرار رہے گی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آن لائن گیم ’پلیئرز ان نان بیٹل گراؤنڈ (پب جی) پر پابندی برقرار رہے گی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کی ہدایت پر 9 جولائی کو پی ٹی اے میں ہونے والی تفصیلی سماعت میں گیم کی بندش کا فیصلہ کیا گیا۔
پی ٹی اے ترجمان کے مطابق سماعت میں دلچسپی رکھنے والی پارٹیز نے شرکت کی۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے آن لائن گیم کی انتظامیہ کو ڈیٹا فراہم کرنے کی درخواست بھی کی تھی۔
اعلامیے کے مطابق پی ٹی اے نے پب جی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ گیم کے سیزنز، پاکستانی صارفین کا ڈیٹا اور کمپنی کے کنٹرولز کے حوالے سے معلومات فراہم کرے۔ پاکستان کی درخواست پر پب جی انتظامیہ نے تاحال کوئی جواب نہیں دیا۔
یاد رہے کہ تین نوجوانوں کی خودکشی کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے یکم جولائی کو ملک بھر میں موبائل پر کھیلے جانے والے گیم پب جی پر عارضی پابندی عائد کی تھی۔
پب جی گیم کی وجہ سے خودکشی کا رجحان
آن لائن گیم پب جی کی وجہ سے اب تک دنیا بھر کے کئی نوجوان اپنی زندگیوں کا خاتمہ کرچکے ہیں، اس گیم میں دو ٹیمیں بنائی جاتی ہیں اور دونوں کھلاڑیوں ہتھیاروں کی مدد سے ایک دوسرے کو قتل کرتے ہیں۔
ماہر نفسیات کا یہ بھی کہنا تھا کہ گیم کے باعث نوجوانوں ذہنی تناؤ کا شکار ہورہے ہیں جبکہ اُن میں تشدد کا عنصر بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔
گیم کیسے کھیلا جاتا ہے؟
اس گیم میں دو ٹیموں کا آپس میں مقابلہ ہوتا ہے، ایک کھلاڑی سے لے کر 100 کھلاڑیوں تک کی ٹیم ہوتی ہے جو انٹرنیٹ کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑتی ہیں۔
دونوں ٹیموں کے کھلاڑی جہاز سے زمین پر اتر کر پہلے اسلحہ تلاش کرتے ہیں اور پھر سامنے والے کھلاڑی کو فائرنگ کر کے مارتے ہیں۔ آخر میں زندہ رہنے والے فاتح کھلاڑی کو اعزاز میں ’چکن ڈنر‘ دیا جاتا ہے۔
Post A Comment:
0 comments: