لندن:
چین نے برطانیہ کو خبردار کیا ہے کہ ہانگ کانگ کے ساتھ حوالگی کے معاہدے کو منسوخ کرنے پر اسے سخت نتائج برداشت کرنا پڑیں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں چین کے سفیر نے برطانیہ کی جانب سے ہانگ کانگ کے ساتھ ملزمان کی حوالگی کے معاہدے سے دستبردار ہونے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے کی معطلی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے جس کے برطانیہ کو سخت نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
چین کے سفیر نے برطانیہ کی حکومت پر یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ ہانگ کانگ کے ساتھ حوالگی معطل کر کے وہ چین کے اندرونی معاملات میں واضح مداخلت کر رہا ہے۔ برطانیہ اس عمل سے باز رہے ورنہ اسے چین کی جانب سے سخت ردعمل کا سامنا ہوگا۔
گزشتہ روز برطانیہ کے سیکریٹری خارجہ ڈومینک راب نے اعلان کیا تھا کہ ان کی حکومت آسٹریلیا، کینیڈا اور امریکہ کے اقدام کی حمایت کرتے ہوئے بیجنگ کے قومی سلامتی کے قوانین کو یکطرفہ طور پر ہانگ کانگ میں نافذ کرنے کے خلاف ہانگ کانگ کے ساتھ حوالگی کے معاہدے کو باضابطہ طور پر معطل کر دے گی۔
واضح رہے کہ چین نے ہانگ کانگ پر ملزمان کی حوالگی سمیت کئی سخت قوانین نافذ کیے ہیں جس پر عالمی قوتوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے جب کہ امریکا، کینیڈا اور آسٹریلیا کے بعد اب برطانیہ نے بھی ہانگ کانگ کے ساتھ حوالگی کے معاہدے کو معطل کر دیا ہے۔
Post A Comment:
0 comments: