پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق عیدالاضحیٰ ہفتہ یکم اگست کو منائی جائے گی۔
سعودی عرب میں گزشتہ روز ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا تھا، جس کے بعد سعودی سپریم کورٹ نے جمعرات 30 جولائی کو وقوف عرفہ (حج کے رکن اعظم) اور جمعہ 31 جولائی کو عید الاضحیٰ منانے کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان میں چاند دیکھنے کیلئے چاروں زونل اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوا۔ مفتی منیب الرحمان نے بتایا کہ ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے سرکاری طور پر ملک بھر میں ہفتہ یکم اگست کو عیدالاضحیٰ منانے کا اعلان کیا۔
مزید جانیے : سعودی عرب میں چاند نظرنہیں آیا، وقوف عرفہ 30جولائی کوہوگا
واضح رہے کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ پاکستان میں منگل 21 جولائی کو چاند نظر آجائے گا، اس لئے عید الاضحیٰ 31 جولائی کو ہوگی۔
ملک بھر میں قربانی کے جانوروں کیلئے مویشی منڈیاں قائم کردی گئی ہیں، تاہم کرونا وائرس کی وباء کے باعث کاروباری سرگرمیاں بند ہونے کے نتیجے میں رواں سال قربانی کم ہونے کا امکان ہے۔
سعودی عرب نے رواں سال حج کو بھی محدود کردیا ہے اور صرف سعودی عرب میں موجود مقامی اور غیر ملکیوں کو ہی حج کی اجازت ہوگی، دنیا بھر سے مسلمانوں اس سال حج کیلئے نہیں جاسکیں گے۔
Post A Comment:
0 comments: