کراچی: پولیس نے مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے محمد صفدر کو نجی ہوٹل سے گرفتار کیا اور انہیں مزار قائد پر نعرے لگانے پر مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ کیپٹن صفدر کے خلاف مقدمہ بریگیڈ تھانے میں درج ہے اور انہیں گرفتار کرکے تھانہ عزیز بھٹی میں رکھا گیا ہے۔
تھانہ بریگیڈ کی پولیس نے کیپٹن صفدر کی گرفتگاری کی تصدیق کی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہےکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو آج کورٹ میں پیش کرنے کافیصلہ ابھی نہیں ہوا اور ان کی منتقلی کی جگہ سے متعلق ابھی کچھ نہیں بتاسکتے۔
پولیس حکام کے مطابق کیپٹن صفدر سے تفتیش کے بعد ہی انہیں کورٹ میں پیش کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہےکہ ان کے شوہر کو نجی ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑ کر گرفتار کیا گیا ہے۔
مریم نواز نے ایک ٹوئٹر صارف ذیشان ملک کی ٹوئٹ شیئر کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کے لیے مریم نواز کراچی پہنچی تھیں جہاں مزار قائد پر کیپٹن صفدر نے نعرے لگوائے تھے جس کے بعد وفاقی وزرا نے اس اقدام پر مریم نواز سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ اس معاملے پر مقدمہ درج کرانے کے لیے تھانے پہنچے تھے تاہم ایک شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا۔
Post A Comment:
0 comments: