LIVE
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے تحت کراچی کے باغ جناح میں جلسہ شروع ہوگیا جس سے قائدین کے خطاب کا سلسلہ جاری ہے۔
باغ جناح میں سجائے گئے پنڈال کے اسٹیج پر سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان، شاہد خاقان عباسی، مریم نواز اور بلاول زرداری سمیت دیگر اعلیٰ قیادت موجود ہے۔
جلسے میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض پی پی کے رہنما عاجز دھامرا سرانجام دے رہے ہیں۔
اپوزیشن کے جلسے میں ہزاروں افراد شریک ہیں جب کہ خواتین بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔
جلسے میں سیاسی جماعتوں کے کارکنان نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے ہیں جن پر مہنگائی اور دیگر مطالبات درج ہیں۔
اس کے علاوہ صوبے کے مختلف علاقوں سے پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے قافلے مقامی رہنماؤں کی قیادت میں کراچی پہنچے ہیں۔
جلسہ گاہ کے انتظامات
پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی کے مطابق جلسے کے لیے 180 فٹ لمبا، 60 فٹ چوڑا اور 20 فٹ اونچا اسٹیج بنایا گیا۔
سعید غنی کا کہنا ہے کہ شرکاء کے لیے پانی کی وافر مقدار میں فراہمی کے لیے گراؤنڈ میں مختلف مقامات پر سبیلیں لگائی گئی ہیں جب کہ پیپلز ڈاکٹرز فورم کی جانب سے میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا۔
سیکیورٹی انتظامات
جلسہ گاہ اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی تعینات کیا گیا ہے۔
وی آئی پیز کے لیے مخصوص راستے کے علاوہ اسٹیج کی سیکیورٹی پر پولیس کے اسپیشل سیکورٹی یونٹ کے کمانڈوز تعینات کیے گئے جب کہ جلسہ گاہ اور اسٹیج کے اطراف کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی گئی۔
Post A Comment:
0 comments: